اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق، شام کے امور میں اقوام متحدہ کے نمائندے اسٹیفن ڈی میسٹورا کی جانب سے یرموک کیمپ کے بارے میں رپورٹ پیش کرنے کے بعد سلامتی کونسل نے اس کیمپ پر فوری حملے بند کئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے سربراہ "ریموندا موموکایتی" نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل کو یرموک کیمپ میں پھنسے عام شہریوں کو پرامن راستوں سے باہر نکالنے اور ان افراد کی جانوں کے تحفظ کی کوشش کرنی چاہئے کہ جنہوں نے کسی بھی وجہ سے اس کیمپ میں رہنے کو ترجیح دی ہے۔ واضح رہے کہ داعش دہشت گرد گروہ نے دمشق کے نزدیک واقع فلسطینی پناہ گزینوں کے کیمپ یرموک پر اپریل کے اوائل میں حملہ کیا تھا اور بہت سے افراد کے سر قلم کرنے کی تصاویر بھی شائع کی تھیں۔ یرموک کیمپ کے بہت سے باشندے داعش کے حملوں کے خوف سے اس کیمپ سے فرار کر گئے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ ڈی میسٹورا منگل کے روز سے شام کے بحران کے حل کے لئے شامی اور بین الاقوامی فریقوں کے ساتھ تبادلہ خیال شروع کر رہے ہیں-
.......
/169